پنجاب سے `را` کے 6 سہولت کار گرفتار ، مساجد اور ریلوے اسٹیشن پر حملے کا منصوبہ پکڑا گیا

دہشت گردوں کی بھارت میں موجود را کے افسران سے براہِ راست گفتگو کی آڈیو انٹرسیپٹس بھی سامنے آ گئیں

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے دشمن بھارت کی خفیہ ایجنسی را کی ایک اور خوفناک سازش بے نقاب ہوگئی! پنجاب کے مختلف اضلاع میں کارروائی کرتے ہوئے سی ٹی ڈی پنجاب نے را کے 6 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا — جو مسجد اور ریلوے اسٹیشن جیسے حساس مقامات پر تباہ کن بم حملے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔

سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس کے اعلیٰ افسران نے لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے چونکا دینے والے انکشافات کیے۔ بتایا گیا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے خطرناک دھماکا خیز مواد اور ڈیٹونیٹرز برآمد کیے گئے جبکہ بہاولپور سے دبئی کے ذریعے فنڈنگ لینے والا سہولت کار رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

مزید لرزہ خیز بات یہ کہ بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (BSF) سے براہ راست IEDs لینے والے دو افراد بہاولنگر سے گرفتار کیے گئے، جن سے حساس مقامات کے خفیہ نقشے، IEDs، اور حفاظتی فیوز بھی برآمد ہوئے۔

دہشت گردوں کی بھارت میں موجود را کے افسران سے براہِ راست گفتگو کی آڈیو انٹرسیپٹس بھی سامنے آ گئی ہیں، جس میں را کے افسران میجر رویندرا راٹھور اور انسپکٹر سنگھ اپنے ایجنٹوں کو پاکستان میں ہدفی قتل اور بم دھماکوں کے احکامات دے رہے تھے۔

ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان کے مطابق، یہ گرفتار سہولت کار پاکستان کے شہری ہیں، جو دشمن کی ایما پر ملک میں انتشار اور بدامنی کی آگ بھڑکانے کے مکروہ منصوبے پر کام کر رہے تھے۔ را اپنی فنڈنگ دبئی کے ذریعے کرپٹو کرنسی اور برانچ لیس نظام کے تحت منتقل کر رہی تھی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردی کی اس خطرناک سازش کو ناکام بنا کر پاکستان کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے