دوحہ/تہران (عالمی خبر رساں ادارے) ایران نے اپنے حالیہ اعلان کردہ جوابی حملے کے تحت قطر میں واقع امریکا کے سب سے بڑے فضائی اڈے العدید پر 6 میزائل داغ دیے، جب کہ عراق میں بھی ایک امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ کی فضاؤں میں یکے بعد دیگرے دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئیں، اور شہر کے مختلف حصوں میں آگ کے شعلے اور روشنی نظر آنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ ابتدائی طور پر حملے کا ہدف دوحہ کے قریب امریکی ایئر بیس العدید بتایا گیا ہے۔
قطر کے مقامی ذرائع نے بھی دوحہ میں متعدد زوردار دھماکوں کی تصدیق کی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے کم از کم 6 میزائل العدید ایئر بیس کی سمت داغے گئے۔ تاحال ان حملوں میں جانی یا مالی نقصان کے حوالے سے کوئی مصدقہ رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔
اس صورتحال کے پیشِ نظر قطر نے اپنی فضائی حدود کو غیر معینہ مدت کے لیے بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے، جب کہ شہریوں کی حفاظت کے لیے ملک بھر کے تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے عوام کو گھروں میں رہنے اور بلا ضرورت باہر نہ نکلنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے یہ کارروائی چند روز قبل مشرقِ وسطیٰ میں امریکی کارروائیوں کے جواب میں کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس واقعے پر ایران، امریکا اور قطر کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
علاقے میں کشیدگی کی فضا بدستور قائم ہے، اور ماہرین مشرقِ وسطیٰ میں صورتحال کے مزید بگڑنے کے خدشے کا اظہار کر رہے ہیں۔
