فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات میرے لیے اعزاز ہے: امریکی صدر

عاصم منیر کا شکریہ کہ وہ مزید جنگ کی طرف نہیں گئے، پاکستان کے ساتھ تجارت پر بات ہورہی ہے، امریکی صدر

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ان کے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔

وائٹ ہاؤس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے معزز مہمان کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ "میں نے انہیں جنگ بندی پر شکریہ ادا کرنے اور امن کی جانب بڑھنے کے عزم کے اعتراف میں مدعو کیا تھا۔”

صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی قیادت دانشمند اور بصیرت افروز ہے، جبکہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر بھی بات چیت جاری ہے۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھارتی وفد کی آمد سے قبل وائٹ ہاؤس مدعو کیا جانا، امریکی خارجہ پالیسی میں پاکستان کی اہمیت کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ امریکہ جنوبی ایشیا میں پاکستان کو خطے کے استحکام کے ضامن کے طور پر دیکھتا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا یہ دورہ امریکہ، نہ صرف پاک امریکہ تعلقات میں اہم پیش رفت ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری قیادت کی حیثیت کو بھی نمایاں کرتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ صدر ٹرمپ اور فیلڈ مارشل کی یہ ملاقات پاکستان کی عسکری قیادت پر امریکہ کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور اس کی خطے میں بڑھتی اہمیت کی غمازی کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے