ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے لیے قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس آج ہوگا

وزیراعظم کی زیرصدارت ترقیاتی بجٹ کا جائزہ لیا جائے گا، 3795 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری متوقع

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے لیے قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اہم اجلاس آج سہ پہر 3 بجے منعقد ہوگا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اس اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) اور سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جائے گی۔ یاد رہے کہ یہ اجلاس پہلے 5 جون کو طے تھا، تاہم اب اسے ری شیڈول کرکے آج طلب کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ محمداورنگزیب اجلاس میں وزیراعظم کو آئندہ مالی سال کے بجٹ اور ترقیاتی منصوبہ بندی پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کے خدوخال اور ترقیاتی اخراجات کی منظوری بھی دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق این ای سی 2025-26 کے لیے 3795 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے سکتی ہے۔ جس میں صوبوں کے لیے مختص ترقیاتی فنڈز کی تفصیل کچھ یوں ہوگی:

پنجاب کے لیے 1188 ارب روپے، سندھ کے لیے 887 ارب روپے،خیبرپختونخوا کے لیے 440 ارب روپے اور بلوچستان کے لیے 280 ارب روپے۔

علاوہ ازیں، اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبوں کی بھی منظوری متوقع ہے۔ این ای سی آئندہ پانچ سالہ ترقیاتی منصوبہ بندی اور مختلف شعبوں کے لیے شرح نمو (GDP Growth) کے اہداف بھی طے کرے گی۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو کا ہدف 4.2 فیصد مقرر کرنے کی تجویز ہے۔ مختلف شعبوں کے لیے شرح نمو کے مجوزہ اہداف درج ذیل ہوں گے:

زرعی شعبہ: 4.5 فیصد، صنعتی شعبہ: 4.3 فیصد،مینوفیکچرنگ: 4.7 فیصد، بڑی صنعتیں: 3.5 فیصد،چھوٹی صنعتیں: 8.9 فیصد، اہم فصلیں: 6.7 فیصد، دیگر فصلیں: 3.5 فیصد، کپاس جننگ: 7 فیصد، لائیو اسٹاک: 4.2 فیصد، جنگلات: 3.5 فیصد، ماہی گیری: 3 فیصد، سلاٹرنگ: 4.3 فیصد، بجلی، گیس و پانی کی فراہمی: 3.5 فیصد، تعمیرات: 3.8 فیصد

خدمات کا شعبہ: 4 فیصد، ہول سیل و ریٹیل ٹریڈ: 3.9 فیصد، ٹرانسپورٹ و کمیونیکیشن: 3.4 فیصد، ہوٹل و ریسٹورنٹ: 4.1 فیصد، انفارمیشن و کمیونیکیشن: 5 فیصد، فنانشل، بزنس و انشورنس: 5 فیصد، رئیل اسٹیٹ سرگرمیاں: 4.2 فیصد، تعلیم: 4.5 فیصد،انسانی صحت و سماجی خدمات: 4 فیصد۔

این ای سی کے آج ہونے والے اس اہم اجلاس میں قومی معیشت کی سمت متعین کرنے اور آئندہ مالی سال کے ترقیاتی اہداف کو حتمی شکل دیے جانے کی توقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے