لاہور پریس کلب کے صحافیوں کے لیے بڑی خوشخبری، پلاٹوں کیلئے ہربنس پورہ میں 40 کنال اراضی مختص

پنجاب کابینہ کی منظوری ، پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا جلد آغاز ہوگا، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری کا خیر مقدم

لاہور (پریس کلب رپورٹر) پنجاب کابینہ نے لاہور پریس کلب کے ممبران کے لیے صحافی کالونی ہربنس پورہ میں 40 کنال اراضی کی الاٹمنٹ کا منصوبہ منظور کر لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر محکمہ ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ نے اس منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے زمین مختص کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

لاہور پریس کلب کے صدر محمد ارشد انصاری نے اس پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے صحافی برادری کے لیے تاریخی خوشخبری قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 20 برس سے التوا کا شکار اس منصوبے کی منظوری سے سینکڑوں صحافیوں کے پلاٹوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔

پریس کلب انتظامیہ کے مطابق صحافی کالونی فیز 2 کے تحت 3200 کنال زمین مختص کی گئی تھی، جس میں سے ابتدائی طور پر 40 کنال پر پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ صدر پریس کلب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر کے احسن روایت قائم کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پریس کلب کی موجودہ گورننگ باڈی ممبران کو پلاٹ الاٹ کروانے اور دیگر دیرینہ مسائل حل کروانے کے لیے پرعزم ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

پریس کلب کے تمام عہدیداروں اور ممبران نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جلد از جلد پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کر کے الاٹمنٹ لیٹر جاری کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے