پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نیشنز ہاکی کپ کیلئے سکواڈ کا اعلان کر دیا

20 رکنی اسکواڈ کی قیادت عماد بٹ کرینگے، گرین شرٹس آٹھ جون کو ملائیشیا روانہ ہوگی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نیشنز ہاکی کپ کے لیے 20 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ اسکواڈ کی قیادت عماد بٹ کریں گے، جبکہ گرین شرٹس 8 جون کو ملائیشیا روانہ ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسکواڈ کا انتخاب نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں ہونے والے ٹرائلز کے بعد کیا گیا، جسے ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ نے بھی دیکھا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا مجاہد علی نے 20 رکنی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ قومی ٹیم ملائیشیا روانگی سے قبل تین پریکٹس میچز بھی کھیلے گی۔

اعلان کردہ قومی اسکواڈ یہ ہے:
منیب الرحمٰن، عبداللہ اشیاق، محمد عبداللہ، سفیان خان، عبدالمنان،حماد انجم، ارشد لیاقت، معین شکیل، ذکریا حیات، غضنفر علی، سلمان رزاق، جنید منظور، حنان شاہد، رانا وحید،افراز خان، عبدالرحمٰن، احمد ندیم، محب اللہ اور رانا ولید۔

صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن طارق بگٹی کا کہنا ہے کہ ٹیم کے فنڈز کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، جبکہ پولینڈ میں رہ جانے والے کھلاڑیوں پر پابندی برقرار ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قومی کھلاڑیوں کو روزانہ الاؤنسز بھی ادا کیے جا رہے ہیں۔

ہیڈ کوچ طاہر زمان نے اس موقع پر کہا کہ نیشنز کپ میں شاندار کارکردگی کے لیے پرعزم ہیں، اور ٹیم کی بحالی کے لیے پرو لیگ تک رسائی نہایت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

واضح رہے کہ نیشنز کپ 15 جون سے ملائیشیا میں شروع ہوگا، جہاں پاکستان کو پول بی میں نیوزی لینڈ، ملائیشیا اور جاپان کا سامنا کرنا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے