واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کار ساز کمپنی ٹیسلا کا بھارت میں مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کا منصوبہ رکوا دیا ہے۔
بھارتی وزیر برائے ہیوی انڈسٹریز ایچ ڈی کمارسوامی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ٹیسلا نے بھارت میں صرف شورومز کھولنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، فیکٹری لگانے کا ارادہ نہیں۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے فروری میں ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ اگر ایلون مسک بھارت میں ٹیسلا کا پلانٹ لگاتے ہیں تو یہ امریکا کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ ان کا مؤقف تھا کہ ٹیسلا سمیت دیگر امریکی کمپنیوں کو اپنی گاڑیاں اور پرزے امریکا ہی میں تیار کرنے چاہئیں۔
یاد رہے کہ ایلون مسک ماضی میں بھارت میں گاڑیوں پر بھاری امپورٹ ڈیوٹیز کو سرمایہ کاری میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دے چکے ہیں۔
اسی طرح گزشتہ ماہ صدر ٹرمپ نے ایپل کمپنی کو بھی خبردار کیا تھا کہ اگر آئی فونز کی تیاری امریکا میں نہ کی گئی تو کمپنی کو کم از کم 25 فیصد ٹیرف ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ امریکا میں فروخت ہونے والے آئی فونز بھی امریکی سرزمین پر ہی تیار کیے جائیں، بھارت یا کسی اور ملک میں نہیں۔
یاد رہے کہ ایپل نے حالیہ برسوں میں چین پر انحصار کم کرنے کے لیے بھارت میں اپنی سرمایہ کاری بڑھائی ہے اور اسی سال فروری میں امریکا میں 500 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا تھا۔