گوجرانوالہ: اٹاوہ میں بغیر شیڈول لوڈ شیڈنگ اور بجلی کے نظام کی بدترین صورتحال، اہل دیہہ سراپا احتجاج

گیپکو افسران، لائن سپرنٹنڈنٹ نے روش نہ بدلی تو ان کے دفتر کے باہر دھرنا دیا جائیگا: وائس چیئر مین یو سی مبشر گورایہ

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) موضع اٹاوہ میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ بار بار ٹرانسفارمرز کی خرابی اور جمپرز کے اُڑنے کا سلسلہ بھی شدت اختیار کرگیا ہے۔ گاؤں کی فضا اس وقت اضطراب اور غصے سے بھری ہوئی ہے، بزرگ، خواتین اور معصوم بچے سخت گرمی اور اندھیرے میں کرب کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

علاقہ مکینوں کے مطابق کئی روز سے بغیر کسی شیڈول کے گھنٹوں گھنٹوں بجلی بند کی جا رہی ہے۔ اوپر سے رہی سہی کسر پرانے اور بوسیدہ بجلی کے نظام نے نکال دی ہے۔ آئے دن کہیں ٹرانسفارمر جل جاتا ہے تو کہیں جمپر اُڑ جاتے ہیں، اور کبھی لائنیں گرنے سے پورا گاؤں اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کو بارہا شکایات درج کروائی گئیں، لیکن افسوس کہ محکمہ واپڈا کے اہلکار ہر بار ایک نیا بہانہ بنا کر ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں، اور اہل دیہہ کے اصرار پر جب کبھی آتے ہیں تو اِدھر کا ٹرانسفارمر اُدھر اور اُدھر کا اِدھر لگا کر وقتی طور پر کام چلا جاتے ہیں، لیکن چند گھنٹوں بعد پھر صورت حال وہی ہو جاتی ہے۔

وائس چیئرمین یونین کونسل اٹاوہ چوہدری مبشر احمد گورایہ کا کہنا تھا کہ "آج بھی 24 گھنٹے کی خواری کے بعد بجلی بحال ہوئی ہے،اگر گیپکو افسران اور لائن سپرنٹنڈنٹ نے اپنی روش نہ بدلی تو ہم نہ صرف ان کے آفس کے باہر دھرنا دیں گے بلکہ عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے۔”

گاؤں کے رہائشی عامر گوندل کا کہنا تھا کہ "ہمیں معلوم ہی نہیں ہوتا کب بجلی جائے گی اور کب آئےر گی۔ بچے گرمی اور مچھروں سے تنگ آ کر روتے ہیں، بزرگ گرمی میں بے حال پڑے ہوتے ہیں، اور بیماروں کا حال ناقابلِ بیان ہے۔”

دوسری جانب بجلی کی آنکھ مچولی اور کم وولٹیج کی وجہ سے گھریلو الیکٹرانکس کا جل جانا معمول بن چکا ہے۔ درجنوں افراد کے پنکھے، فریج اور دیگر برقی آلات خراب ہو چکے ہیں، جس سے لوگ شدید مالی نقصان کا شکار ہو رہے ہیں۔

اہلِ دیہہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر موضع اٹاوہ کی بجلی کی لائنوں اور ٹرانسفارمرز کی مرمت کی جائے، بوسیدہ نظام کو تبدیل کیا جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے، ورنہ حالات سنگین صورت اختیار کر سکتے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے چیف منسٹر پنجاب، کمشنر گوجرانوالہ اور ایکسین واپڈا سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے