تحریر: شوکت علی چھینہ
عموماً ہم سمجھتے ہیں کہ انسان کے بوڑھے ہونے کا تعلق صرف اس کی جسمانی عمر سے ہے۔ جیسے جیسے وقت گزرتا ہے، بال سفید ہونے لگتے ہیں، بینائی کمزور پڑتی ہے، ہاتھ پاؤں کانپنے لگتے ہیں اور چہرے پر جھریاں نمودار ہو جاتی ہیں۔ مگر اگر ذرا گہرائی سے دیکھیں تو یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ بوڑھاپا دراصل صرف جسمانی عمر کا نام نہیں، بلکہ دل کے دکھ، ذہنی تناؤ اور خانگی پریشانیوں کا ایک بوجھ ہے، جو انسان کو وقت سے پہلے توڑ دیتا ہے۔
ہمارے معاشرے میں اگر غور کیا جائے تو بے شمار ایسے لوگ ملیں گے جو محض پچاس یا پچپن سال کی عمر میں ایسے پژمردہ اور شکستہ حال دکھائی دیتے ہیں کہ جیسے زمانے بھر کے دکھ ان کے کاندھوں پر رکھ دیے گئے ہوں۔ جبکہ کچھ افراد ستر، اسی سال کی عمر میں بھی ہشاش بشاش، خوش مزاج اور زندگی سے بھرپور دکھائی دیتے ہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر دونوں کے درمیان فرق کیا ہے؟ تو اس کا سادہ اور سچا جواب یہی ہے کہ دل کا سکون۔
انسان کا دل اگر مطمئن اور پرسکون ہو تو وہ بڑھاپے میں بھی جوانی کی سی تازگی رکھتا ہے۔ لیکن جب دل پر بوجھ ہو، رشتوں کی تلخی ہو، گھر کا ماحول بے سکون ہو، اور اپنوں کی بےوفائی کا احساس ہو تو انسان کی عمر چاہے کچھ بھی ہو، وہ وقت سے پہلے بوڑھا دکھائی دینے لگتا ہے۔
خانگی مسائل اور بوڑھاپے کا نفسیاتی تعلق
نفسیات دانوں کا کہنا ہے کہ مسلسل تناؤ، گھریلو جھگڑے، رشتوں کی ناقدری اور اندرونی خوف انسان کے دماغ پر ایسے اثرات چھوڑتے ہیں، جو جسمانی صحت اور چہرے کی شادابی چھین لیتے ہیں۔ اعصابی دباؤ، بے خوابی، مایوسی اور احساسِ محرومی انسان کو اندر ہی اندر کھوکھلا کر دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دل کی پریشانیاں چہرے پر واضح جھریوں، آنکھوں کی ویرانی اور بدن کی بے رونقی کی صورت میں سامنے آتی ہیں۔
عالمی تحقیق کہتی ہے کہ وہ لوگ جو پرسکون اور خوشحال گھریلو زندگی گزار رہے ہوتے ہیں، ان کی اوسط عمر اور صحت، ان افراد کے مقابلے میں بہتر ہوتی ہے جو مستقل طور پر ذہنی تناؤ اور خانگی پریشانیوں میں مبتلا رہتے ہیں۔ گھریلو جھگڑوں، اولاد کی نافرمانی، رشتہ داروں کی سازشیں اور زندگی کے تلخ تجربے انسان کے دل پر ایسے زخم چھوڑ جاتے ہیں، جو وقت کے ساتھ ناسور بن جاتے ہیں۔
معاشرتی رویے اور جذباتی زخم
ہمارے دیہی اور شہری معاشرے میں رشتہ داروں کی بے جا مداخلت، ساس بہو کے جھگڑے، بھائیوں میں جائیداد کی لڑائیاں اور خاندان میں حسد اور منافقت جیسی بیماریاں عام ہو چکی ہیں۔ انسان سارا دن محنت مشقت کرکے گھر لوٹتا ہے، تو اسے سکون اور محبت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر گھر بھی ایک میدانِ جنگ بن جائے تو وہ کہاں جائے؟
اسی لیے وہ تناؤ، جو انسان کام کی جگہ سے لے کر گھر تک ساتھ لے کر چلتا ہے، اس کی شخصیت، طبیعت اور مزاج کو بدل دیتا ہے۔ یہی دباؤ عمر سے پہلے انسان کو بوڑھا بنا دیتا ہے۔
بچپن کی محرومیاں، جوانی کی جدوجہد اور بڑھاپے کا سکوت
انسان کے دل کی ویرانی کا آغاز اکثر بچپن سے ہوتا ہے۔ محرومی، غربت، والدین کا سخت مزاج یا گھر کا بے سکون ماحول بچے کے معصوم ذہن پر نقش چھوڑ جاتا ہے۔ جوانی میں یہ انسان محبت، سکون اور عزت کی تلاش میں مارا مارا پھرتا ہے۔ اگر یہاں بھی اسے اپنوں کا پیار، رشتوں کا احترام اور دل کا سکون نہ ملے تو بڑھاپے تک پہنچتے پہنچتے وہ ہار مان لیتا ہے۔
ایسے میں جسمانی بڑھاپا تو معمول کی بات ہے، مگر روح کا بڑھاپا انسان کو اندر سے خالی کر دیتا ہے۔ چہرے پر ویرانی، آنکھوں میں اُداسی اور بدن پر تھکن کے آثار نظر آنا شروع ہو جاتے ہیں۔
مشرق و مغرب کا فرق
مغربی معاشروں میں لوگ تنہائی کے باعث بوڑھے ہوتے ہیں، جبکہ ہمارے ہاں تنہائی کے ساتھ ساتھ خانگی جھگڑے، رشتوں کی بے قدری اور عزت نفس کی پامالی بھی اس بڑھاپے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مغرب میں بزرگوں کو تنہا چھوڑ دیا جاتا ہے، اور وہ اس احساسِ محرومی سے کمزور ہوتے ہیں، جبکہ ہمارے معاشرے میں بزرگ اکثر اپنے ہی خاندان کے رویے، اولاد کی نافرمانی اور سماجی بے حسی کا شکار ہو کر وقت سے پہلے مضمحل ہو جاتے ہیں۔
نتیجہ
سچ یہ ہے کہ انسان بوڑھا تو وقت کرتا ہے، مگر دل کے دکھ اور خانگی پریشانیاں اس عمل کو کئی گنا تیز کر دیتی ہیں۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے والدین، بہن بھائی، شریکِ حیات اور اولاد خوش باش اور تندرست رہیں تو ہمیں گھروں میں محبت، سکون، عزت اور برداشت کا ماحول پیدا کرنا ہو گا۔
کیونکہ جسمانی بڑھاپا تو انسان سہہ لیتا ہے، مگر دل کا بڑھاپا، رشتوں کی ویرانی اور احساسِ محرومی کی تھکن اسے اندر سے ختم کر دیتی ہے۔
آیئے، آج یہ عہد کریں کہ ہم گھروں کو محبت کی بستیاں بنائیں گے، تاکہ دلوں کے دکھ کم ہوں اور بڑھاپے کی عمر خوشگوار گزرے۔
