بنگلہ دیش میں ایک بار پھر حکومت مخالف مظاہرے، فوری انتخابات کا مطالبہ

ڈھاکہ (مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی۔ سابق وزیر اعظم بیگم خالدہ ضیاء کی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے بدھ کے روز دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس سے مطالبہ کیا کہ ملک میں عام انتخابات اسی سال دسمبر میں کرائے جائیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بی این پی کی اس ریلی کا مقصد عوامی دباؤ بڑھانا ہے تاکہ انتخابات کے انعقاد کی تاریخ جلد از جلد مقرر کی جا سکے۔ ریلی کے شرکاء حکومت مخالف نعرے لگاتے رہے اور موجودہ عبوری سیٹ اپ کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ادھر یہ ریلی ایسے وقت میں نکالی گئی ہے جب ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ بنگلہ دیش کے آرمی چیف کی جانب سے بھی دسمبر میں عام انتخابات کرانے کی تجویز دی گئی ہے، تاہم عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر یونس پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ انتخابات جون 2026 میں ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں طلبہ تحریک کے نتیجے میں اُس وقت کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد ملک چھوڑ کر بھارت روانہ ہو گئی تھیں، جس کے بعد ڈاکٹر محمد یونس نے عبوری حکومت کی سربراہی سنبھالی تھی۔ تب سے ملک میں سیاسی غیر یقینی کی کیفیت برقرار ہے اور مختلف سیاسی و سماجی حلقے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے