تہران (نیٹ نیوز) تہران میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ وفد نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ آیت اللہ خامنہ ای نے مسلم دنیا میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے مسئلہ فلسطین پر پاکستانی مؤقف کی تعریف کی اور کہا کہ بعض مسلم ممالک اسرائیل کا ساتھ دے رہے ہیں، لیکن پاکستان ہمیشہ اصولی مؤقف پر قائم رہا۔
ایرانی سپریم لیڈر نے مسلم ممالک کے اتحاد اور پاک ایران تعلقات کے فروغ پر زور دیا، اور اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کو فعال کرنے کی ضرورت پر بھی بات کی۔ انہوں نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور مستقبل میں مزید بہتری کی امید ظاہر کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک ایران تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے غزہ کی صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا اور ایران سے آزاد تجارتی معاہدے پر غور کی بات بھی کی۔ انہوں نے آیت اللہ خامنہ ای کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور علامہ اقبال سے ان کی عقیدت کی ستائش کی۔