غزہ،‌ 722 ویں دن بھی تباہی، 25 ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر، مزید 90 شہادتیں

غزہ سٹی سے 8 لاکھ فلسطینی نقل مکانی کر گئے ہیں، اسرائیلی نشریاتی ادارہ
غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی فوج نے7 اکتوبر 2023 کے بعد 722 ویں دن بھی غزہ کی پٹی میں قتل و غارت گری جاری رکھی۔

غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صہیونی کارروائیوں میں مزید 90 افراد شہید اور 265 زخمی ہوگئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر شہید ہونے والے ٰ65926 ہو گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے ہفتہ کو کہا کہ اس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں پٹی پر تقریبا 120 فضائی حملے کیے ہیں۔ اسرائیلی ٹینکوں کی غزہ سٹی میں پیش قدمی جاری ہے۔ ہر روز رہائشی عمارتیں زمین بوس کی جارہی ہیں۔

اسرائیلی نشریاتی ادارے نے دعوی کیا کہ غزہ سٹی سے 8 لاکھ فلسطینی نقل مکانی کر گئے ہیں۔ قابض اسرائیلی حکام نے مغربی کنارے میں طولکرم اور نور شمس کیمپوں سے 25 ہزار سے زیادہ شہریوں کو زبردستی بے گھر کر دیا ہے۔

ان دونوں کیمپوں میں 600 سے زیادہ گھروں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیاہے۔ حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے ہفتے کے روز اپنے پیشرو حسن نصر اللہ کی اسرائیل کے ہاتھوں شہادت کے ایک سال مکمل ہونے پر حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گروپ خود کو غیر مسلح نہیں ہونے دے گا۔

حسن نصر اللہ کو 27 ستمبر 2024 کو بیروت کے جنوبی مضافات میں اسرائیلی فضائی حملے میں مارا گیا تھا۔ اس دوران حزب اللہ کے حامی ’’ مرگ بر امریکہ ، مرگ بر اسرائیل ‘‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے ایک معاہدہ جلد طے پانے والا ہے۔ یہ دعویٰ اس وقت کیا گیا ہے جب کل پیر کو ٹرمپ نیتن یاہو سے ممکنہ طور پر ملاقات کر رہے ہیں۔

امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات میں غزہ جنگ کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

حماس کے سینئیر رہنما غازی حمد نے ’’ سی این این ‘‘ سے گفتگو میں کہا کہ غزہ میں حماس کو منظر نامے سے ہٹانے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کریں گے۔ خودمختار فلسطینی ریاست قائم ہوئی تو اسلحہ ملکی فوج کے حوالے کرنے کو تیار ہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے