آڈیو لیک کیس؛ علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے کے بعد منسوخ

عدالت نے علی امین گنڈا پور کو اگلی سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کر دی

سلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)آڈیو لیک کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد منسوخ کر دیے گئے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللہ بلوچ نے علی امین گنڈاپور کی عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جبکہ نامزد شریک ملزم عدالت میں پیش ہوگیا تھا۔

عدالت نے علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا جس پر کچھ دیر بعد وزیراعلیٰ کے وکیل راجا ظہور الحسن عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل راجا ظہور الحسن نے کہا کہ سر آپ نے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں، میں آج ہڑتال کی وجہ سے نہیں آیا۔ جج نصر من اللہ بلوچ نے ریمارکس دیے کہ ہڑتال تو وکلاء کی ہوتی ہے لیکن ملزم نے پیش ہونا ہوتا ہے۔

وکیل نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کا آڈر ہے، عدالت نے 3 ہفتے کے لیے کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرنے سے روکا ہے۔

بعدازاں، علی امین گنڈا پور کے وکیل کی جانب سے وارنٹ منسوخی کی درخواست دائر کی گئی، جس پر عدالت نے علی امین گنڈا پور کی وارنٹ منسوخی کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے علی امین گنڈا پور کو اگلی سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کی۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی۔ علی امین گنڈا پور کیخلاف تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے