"اٹاوہ ٹائمز" کی خبر پر ایکشن . . . . اٹاوہ میں گلیوں، بازاروں اور نالیوں کی تعمیر و مرمت کا کام شروع

اہل دیہہ کی جانب سے "اٹاوہ ٹائمز "اور چیئر مین یو سی و مقامی انتظامیہ کا اظہارِ تشکر

گوجرانوالہ ( نمائندہ خصوصی) اٹاوہ ٹائمز ویب سائٹ میں 5 اگست کو شائع کردہ چشم کشا رپورٹ پر بالآخر انتظامیہ حرکت میں آ گئی، اور گاؤں میں گلیوں، بازاروں اور نالیوں کی مرمت و بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ کے نواحی گاؤں اٹاوہ کے باسی، جو حالیہ دنوں میں سوئی گیس پائپ لائنوں کی تنصیب کے بعد شدید مشکلات کا شکار تھے، اب کچھ حد تک سکھ کا سانس لینے لگے ہیں۔

"اٹاوہ ٹائمز " نے اپنی خصوصی رپورٹ میں نہ صرف تباہ حال سڑکوں، ابلتے گندے پانی، اور کھنڈر بنی گلیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا تھا بلکہ عوامی نمائندوں کی مجرمانہ خاموشی کو بھی بے نقاب کیا تھا۔ رپورٹ کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا اور مقامی سطح پر عوامی ردعمل نے شدت اختیار کی، جس کے بعد انتظامیہ کو فوری اقدامات پر مجبور ہونا پڑا۔

اب گلیوں کی لیولنگ، نالیوں کی صفائی اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے، اور مقامی افراد نے اس بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ کام اسی تسلسل کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔

گاؤں کے مکینوں نے اٹاوہ ٹائمز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ رپورٹ سامنے نہ آتی تو شاید ان کی آواز کبھی نہ سنی جاتی۔ مقامی صحافت نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ جب نیت صاف ہو اور قلم سچا، تو خاموشیاں بھی بولنے لگتی ہیں اور تبدیلی راستہ بنانے لگتی ہے۔

انتظامیہ کے بروقت ردعمل کو سراہتے ہوئے عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ مرمت کا یہ سلسلہ جلد مکمل کیا جائے اور آئندہ ایسے منصوبوں میں مکمل نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

اٹاوہ ٹائمز، جو اپنے قیام سے لے کر اب تک مقامی مسائل کی غیر جانب دار اور بے باک ترجمانی کرتا آ رہا ہے، ایک بار پھر مظلوم عوام کی آواز بن کر ابھرا ہے۔ ہماری یہ کاوش آئندہ بھی جاری رہے گی تاکہ اٹاوہ اور گردونواح کے عوامی مسائل اعلیٰ حکام تک پہنچتے رہیں اور حقیقی تبدیلی ممکن ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے