🔥اٹاوہ اب ترقی نہیں تباہی کی مثال بن چکا، کوئی ہے جو ان مظلوموں کی سنے؟ 🔥
گوجرانوالہ (نمائندہ اٹاوہ ٹائمز)نواحی گاؤں اٹاوہ کے باسی ان دنوں شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔ سوئی گیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پائپ لائنوں کی تنصیب کے نام پر پورے گاؤں کی گلیوں اور بازاروں کو کھنڈر بنا دیا گیا۔ گلیاں ہوں یا بازار، نالیاں ہوں یا نکڑ، ہر طرف کھودا ہوا ملبہ، دھنسی ہوئی زمین اور گندہ پانی ہی نظر آتا ہے۔
گیس پائپ ڈالنے کے بعد کوئی مرمت نہیں کی گئی۔ علاقے کی تمام گلیاں، گندے پانی کی نالیوں سمیت ادھوری حالت میں چھوڑ دی گئی ہیں، جس کی وجہ سے بارش یا معمولی پانی بھی گھروں میں داخل ہو نے لگا، جبکہ مکانات کی بنیادیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
عوامی نمائندے غائب، اہل علاقہ بے حال
مقامی کونسلرز اور منتخب نمائندے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ عوام کی دادرسی کے بجائے فون اور دروازے بند کر لیے گئے ہیں۔
نوبت یہاں تک آ گئی ہے کہ دیہاتیوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو دہائی دینا شروع کر دی ہے اور شدید غصے میں اُن سے فوری ایکشن کا مطالبہ کیا ہے۔
اہلِ دیہہ نے اربابِ اقتدارسے دوٹوک مطالبہ کیا ہے کہ:
تمام گلیوں اور نالیوں کی فوری مرمت کی جائے۔
ٹھیکیدار اور افسران کی غفلت پر سخت کارروائی کی جائے، اور گاؤں کو دوبارہ قابلِ رہائش بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں
ایل دیہہ کا کہنا ہے کہ اگر فوری نوٹس نہ لیا گیا تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں، اور عوام احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔
