کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ایشین جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ کے 32ویں ایڈیشن میں پاکستانی کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جہاں ماہ نور علی سمیت 5 قومی کھلاڑیوں نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔ ان فتوحات کے بعد پاکستان کے لیے 5 میڈلز یقینی ہوچکے ہیں۔
کوریا سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، چیمپیئن شپ کے مختلف کیٹیگریز میں شریک 6 میں سے 5 پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے کوارٹر فائنل میچز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
بوائز انڈر 19 ایونٹ میں تیسرے نمبر پر سیڈڈ عبداللہ نواز نے ہانگ کانگ کے وانگ ڈبلیو کو باآسانی 0-3 (4-11، 6-11، 6-11) سے شکست دے کر سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا۔
بوائز انڈر 15 کیٹیگری میں ٹاپ سیڈ نعمان خان نے بھارت کے ہرشال کو یکطرفہ مقابلے میں 0-3 سے ہرا دیا، جب کہ اسی ایونٹ میں احمد ریحان خلیل نے ملائیشیا کے ارمان کو بآسانی 0-3 سے شکست دی۔
بوائز انڈر 13 میں ٹاپ سیڈ سہیل عرفان نے بھارت کے ابہی یادیو کو بغیر کوئی گیم ہارے 0-3 (2-11، 3-11، 3-11) سے مات دے دی۔
گرلز انڈر 13 کی کیٹیگری میں سیڈ 9 ماہ نور علی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بھارت کی انیکا کو 0-3 سے زیر کیا۔
تاہم گرلز انڈر 15 میں سحرش علی ملائیشیا کی سیتھی کے خلاف اپنا کوارٹر فائنل 0-3 سے ہار گئیں اور ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔
یاد رہے کہ چیمپیئن شپ کے آغاز میں پاکستان کے 11 کھلاڑی شریک ہوئے تھے، جن میں سے 9 پہلے راؤنڈ میں کامیاب رہے تھے۔ کوارٹر فائنل مرحلے میں 9 میں سے 6 پاکستانی کھلاڑی پہنچے، جن میں سے 5 نے اب سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ انس علی شاہ (انڈر 19)، محمد عمیر عارف (انڈر 17) اور مہوش علی (گرلز انڈر 17) کو کوارٹر فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
چیمپیئن شپ میں پاکستانی جونیئر اسکواش ٹیم کی یہ پیش قدمی ملک کے لیے بڑی خوشخبری اور اسکواش کے روشن مستقبل کی علامت قرار دی جا رہی ہے۔
