علی امین گنڈا پور کا ریاست کو چیلنج: "حکومت گرا سکتے ہو تو گرا کر دکھاؤ!"

پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اپنی حکومت کے خلاف سازشوں کا الزام عائد کرتے ہوئے ریاست اور اداروں کو کھلا چیلنج دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر آئینی طریقے سے میری حکومت گرانے کی ہمت رکھتے ہو تو آ کر گرا لو، اور اگر ایسا کر دکھایا تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔

پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور دیگر قائدین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ریاست ماں کا درجہ رکھتی ہے، مگر آج یہ فرعونیت پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب میں اس نظام اور تمام اداروں کو للکار رہا ہوں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلے بھی سازشیں کی گئیں، غیر آئینی اقدامات ہوئے مگر کوئی تدبیر کامیاب نہ ہو سکی۔ اب اگر ہمت ہے تو پورا زور لگا کر خیبرپختونخوا کی حکومت گرا کر دکھاؤ۔

انہوں نے مزید کہا کہ تم مارشل لا، گورنر راج اور دیگر غیر آئینی راستے پہلے بھی آزما چکے ہو۔ ہم تمھارے تمام حربوں کا مقابلہ کریں گے۔ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھیوں کو جیل میں ڈالنے اور دباؤ ڈالنے کے باوجود تم ہماری جماعت کو توڑ نہیں سکے اور نہ ہی کوئی عمران خان کے کارکنوں کو جھکا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے