’’اکثر لڑکے یا لڑکیاں دونوں کو ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے‘‘؛ اداکارہ
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی اداکارہ، رقاصہ اور سماجی موضوعات پر بے باک موقف رکھنے والی فنکارہ مہر بانو نے شوبز انڈسٹری میں موجود ہراسانی اور استحصال کے مسئلے پر کھل کر بات کی ہے۔
‘ٹیکسالی گیٹ’ کی اداکارہ اور بیرون ملک مقیم پاکستانی فنکارہ مہر بانو نے انکشاف کیا کہ شوبز میں فنکاروں کو کام دلانے کے عوض بعض طاقتور شخصیات کی جانب سے ناجائز مطالبات اور غیر اخلاقی ڈیمانڈز کی جاتی ہیں، جن کا سامنا نہ صرف لڑکیوں بلکہ لڑکوں کو بھی کرنا پڑتا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مقبول پروگرام میں شرکت کے دوران، میزبان تابش ہاشمی کے سوال پر مہر بانو نے کہا کہ جس طرح ہر شعبے میں کچھ سیاہ پہلو موجود ہوتے ہیں، اسی طرح شوبز انڈسٹری میں بھی فنکاروں پر طاقتور افراد کی جانب سے دباؤ ڈالا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس صنعت میں خوبصورت چہروں اور دلکش شخصیات کی بھرمار کے باعث لوگ بآسانی نشانہ بن جاتے ہیں اور ہراسانی جیسے مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں۔ مہر بانو کے مطابق، ’’اکثر اوقات لڑکے اور لڑکیاں دونوں ہی اس صورتحال سے دوچار ہوتے ہیں‘‘، اور یہ معاملہ ایسا سچ ہے جسے پردے میں رکھنے کے بجائے سامنے لانے کی ضرورت ہے۔
اداکارہ نے زور دیا کہ انڈسٹری کے اس سیاہ پہلو پر کھل کر گفتگو اور اجتماعی سطح پر اقدامات کیے جانے چاہئیں تاکہ فنکاروں کو ایک محفوظ اور باعزت ماحول میسر آ سکے۔
