قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملہ: سعودیہ سمیت متعدد خلیجی ممالک کی مذمت

بین الاقوامی قانون کے تحت مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں: قطری وزارتِ خارجہ

ریاض/بغداد/دمشق/دوحہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مشرق وسطیٰ میں قائم امریکی فوجی اڈّوں پر ایران کے میزائل حملوں پر سعودی عرب سمیت متعدد خلیجی ممالک نے شدید مذمت کی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے قطر میں امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کے ایرانی اقدام کو بین الاقوامی قوانین اور ہمسائیگی کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

سعودی عرب نے قطر سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کڑے لمحات میں وہ اپنے برادر اسلامی اور پڑوسی ملک کے ساتھ کھڑا ہے۔

ادھر عراق اور شام نے بھی امریکی فوجی اڈّوں پر حملے کو دونوں ملکوں کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا اور ایران سے عالمی قوانین اور فضائی حدود کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

قطر کی وزارت خارجہ نے دوحہ میں امریکی ایئر بیس العدید پر ایرانی حملے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے اپنی خودمختاری کی "واضح خلاف ورزی” قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ قطر بین الاقوامی قانون کے تحت مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

قطر کی وزارتِ دفاع کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے العدید ایئر بیس کی جانب فائر کیے گئے ایرانی میزائلوں کو کامیابی سے ناکام بنا دیا اور کسی جانی نقصان یا زخمی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے