واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) ٹیکنالوجی کی دنیا کے معروف نام اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے مالک ایلون مسک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر اپنی حالیہ سوشل میڈیا پوسٹس پر معذرت کر لی۔ مسک نے تسلیم کیا کہ ان کی چند پوسٹس "حد سے بڑھ گئی تھیں” اور اب انہوں نے انہیں ڈیلیٹ بھی کر دیا ہے۔
بدھ کی صبح اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے ایلون مسک نے لکھا:
"صدر کے بارے میں میری کچھ پوسٹس پچھلے ہفتے حد سے آگے نکل گئیں، اور مجھے ان پر افسوس ہے۔”
یہ معذرت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مسک اور ٹرمپ کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر تھی۔ ایلون مسک نے گزشتہ دنوں سابق صدر پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ جیفری ایپسٹین سے متعلق حساس فائلز منظر عام پر نہ لا کر اپنی مبینہ وابستگی چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے یہ تنقید اسوقت کی جب وہ خود امریکی حکومت کے ایک اہم عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں۔
ماضی میں ٹرمپ کے حامی رہنے والے ایلون مسک نے حالیہ عرصے میں ان کے ٹیکس اور اخراجاتی قوانین کو "قابل نفرت” قرار دیا اور مواخذے کی بھی حمایت کی تھی۔ اس کشیدگی کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ وہ مسک کی کمپنیوں، ٹیسلا اور اسپیس ایکس، کو دیے جانے والے سرکاری معاہدے اور سبسڈیز ختم کر سکتے ہیں۔
تاہم، تازہ صورتحال میں ایلون مسک نے نہ صرف اپنی ٹرمپ مخالف کئی پوسٹس ڈیلیٹ کر دی ہیں بلکہ سابق صدر کے چند بیانات کی حمایت میں بھی پوسٹس شیئر کی ہیں۔ مبصرین کے مطابق یہ اقدام دونوں شخصیات کے درمیان تعلقات میں دراڑ ختم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
