سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا کنٹرول روم کے دورہ کے موقع پر افسروں سے خطاب
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں قائم کنٹرول روم پوری فعال طور پر کام کر رہا ہے۔ عوامی شکایات پر فوری کارروائیاں جاری ہیں اور قیمتوں میں من مانے اضافے کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کنٹرول روم کا دورہ کیا اور وہاں موجود افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور فوڈ سیفٹی سے متعلق 24 گھنٹے شکایات کا اندراج کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 سے زائد عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیا گیا ہے۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بتایا کہ عید کے تینوں دنوں میں صوبے بھر میں سبز مصالحے، آلو، پیاز اور ٹماٹر وافر مقدار میں فراہم کیے گئے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واضح ہدایت جاری کی ہے کہ قیمتوں کے ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف کوئی نرمی نہ برتی جائے۔ پرائس کنٹرول انفورسمنٹ ٹیمیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر مارکیٹوں کی کڑی نگرانی کر رہی ہیں تاکہ چیک اینڈ بیلنس کا نظام مؤثر انداز میں جاری رکھا جا سکے۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے ماڈل بازاروں نے کنٹرول پرائس پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو ریگولیٹ کر کے عوام کی فلاح و بہبود، معاشی استحکام، متوسط طبقے کے تحفظ اور کم آمدنی والے گھرانوں کی سہولت کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ قیمتوں پر کنٹرول کے لیے حکومت کا یہ عزم شہریوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کا باعث بنے گا۔