بجلی کے دو میٹر لگانے پر پابندی کی خبریں جھوٹ کا پلندہ ہیں: پاور ڈویژن کی وضاحت

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاور ڈویژن نے سوشل میڈیا اور بعض حلقوں میں زیر گردش اس خبر کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ بجلی کے دو میٹر لگانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کے دو میٹر لگانے پر پابندی کی خبر سراسر جھوٹی، بے بنیاد اور گمراہ کن ہے، جس کا مقصد عوام میں بلا وجہ بے چینی پیدا کرنا ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ رہائشی مقامات پر آج بھی مروجہ قوانین کے مطابق دوسرا میٹر لگوایا جا سکتا ہے، بشرطیکہ وہ جگہ علیحدہ پورشن، سرکٹ، داخلی راستے اور کچن پر مشتمل ہو۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس قسم کی جھوٹی خبریں پھیلانا اور انہیں بغیر تصدیق آگے بڑھانا پیکا ایکٹ کے تحت قابلِ سزا جرم ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسی بے بنیاد افواہوں پر کان نہ دھریں اور بجلی کے میٹرز کے شفاف اور قانونی استعمال کے لیے متعلقہ تقسیم کار کمپنیوں سے تعاون جاری رکھیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ بجلی کے ناجائز استعمال اور سبسڈی کے غلط فائدے کے تدارک کے لیے پہلے بھی قوانین موجود تھے اور اب بھی مکمل طور پر نافذ العمل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے