پی ایس ایل کا دسمبر،جنوری میں انعقاد زیر غور، 2026 میں پشاور کو نمائشی میچز کی میزبانی ملنےکی توقع
لاہور (مانیٹیرنگ ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں اور 12ویں ایڈیشن کے انعقاد کے لیے ممکنہ تاریخیں سامنے آ گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مستقبل کی پی ایس ایل کے لیے نئی ونڈوز تلاش کر رہا ہے تاکہ ایونٹ کا شیڈول بین الاقوامی ٹورنامنٹس سے ٹکرا نہ جائے۔
حالیہ اطلاعات کے مطابق پی ایس ایل 11 کو دسمبر 2025 سے جنوری 2026 کے درمیان منعقد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ 12ویں ایڈیشن کا شیڈول جنوری سے فروری 2027 کے درمیان رکھا جا سکتا ہے۔ تاہم، یہ تاریخیں حتمی نہیں اور ان میں عالمی کرکٹ شیڈول کے مطابق رد و بدل بھی متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 2026 میں ہونے والے ایڈیشن میں ٹیموں کی تعداد 8 کیے جانے کا امکان ہے، جس کا مقصد ٹورنامنٹ کی مقبولیت اور مقابلے کا معیار مزید بہتر بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پی سی بی نے پشاور کو بھی نمائشی میچز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ رواں سیزن پشاور اسٹیڈیم کی ابتر حالت کے باعث وہاں میچز کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا تھا۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے سبب رواں برس پی ایس ایل کا شیڈول تبدیل کرنا پڑا تھا، جس کی وجہ سے ایونٹ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ساتھ متصادم ہو گیا تھا۔