ٹک ٹاکر ثناء یوسف کا قاتل فیصل آباد سے گرفتار، اعترافِ جرم بھی کر لیا

ملزم عمر حیات عرف کاکا کا مقتولہ کا قریبی دوست ہونے کا دعویٰ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد میں گزشتہ روز فائرنگ کر کے قتل کی جانے والی معروف ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل میں ملوث ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم واردات کے بعد فیصل آباد فرار ہو گیا تھا، جہاں سے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے اسے گرفتار کیا گیا۔ ملزم کی شناخت عمر حیات عرف کاکا کے نام سے ہوئی ہے، جو خود بھی ٹک ٹاکر بتایا جاتا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران اس نے مقتولہ کا قریبی دوست ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے صرف 20 گھنٹوں میں ملزم کو گرفتار کر کے بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول اور مقتولہ کا موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ ثناء یوسف کو گزشتہ روز اسلام آباد میں ان کے گھر پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس واقعے کی شدید مذمت کی گئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے