وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کیس کو کابینہ کے سامنے رکھا، وزیراعلی مریم نوازشریف سمیت کابینہ نے فوری منظوری دیدی
ہیلی کاپٹر اوورہالنگ، چائلڈ پروٹیکشن پالیسی، میڈیکل سٹی، الیکٹرک وہیکلز رجسٹریشن سمیت درجنوں منصوبے منظور
لاہور (محبوب چودھری) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں صحافی کالونی، الیکٹرک وہیکلز، صحت اور دیگر شعبوں سے متعلق کئی اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی جی۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، دیگر صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری پنجاب اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
صحافی کالونی اور ہاؤسنگ
کابینہ نے صحافی کالونی فیز ٹو کے لیے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (RUDA) سے زمین کی خریداری کے لیے 40 کروڑ روپے کی گرانٹ پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کو منتقل کرنے کی منظوری دی۔ وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے یہ کیس کابینہ کے سامنے پیش کیا، جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سمیت تمام کابینہ نے فوری منظوری دی۔
اہم حکومتی اقدامات
اجلاس میں پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کی اوورہالنگ، چائلڈ پروٹیکشن پالیسی، اور پنجاب سینیئر سٹیزن ویلفیئر بل کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ، الیکٹرک وہیکلز کی رجسٹریشن، پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی ایکٹ، اور اسموگ کے پیش نظر لاہور میں گرین ایریاز کی ڈیویلپمنٹ کا ایجنڈا بھی منظور کیا گیا۔
صحت اور شہری ترقی
لاہور میں میڈیکل سٹی کے قیام کے لیے زمین کے حصول اور پنجاب ایئر پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔ صوبے بھر میں انٹرسٹ فری الیکٹرک ٹیکسز کی فراہمی، پنجاب کے ہسپتالوں میں فرنیچر اور آلات کی فراہمی کے لیے فنڈز کی منظوری، اور پنجاب کلین ایئر پروگرام کو بھی حتمی شکل دی گئی۔
عوامی سہولیات اور نئے منصوبے
وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے تحت مریم نواز سوشل سیکیورٹی راشن کارڈز، لاہور میں بس اسٹاپس کی اپ گریڈیشن کے لیے فنڈز، اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں الیکٹرک بسوں کو چلانے کی منظوری دی گئی۔ نئے سہولت بازاروں کے قیام، موجودہ سہولت بازاروں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے، اور لاہور میں 15 مقامات پر 60 عارضی دکانوں پر مشتمل گو سہولت بازاروں کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔
انتظامی و قانونی اصلاحات
کابینہ نے نائب تحصیلداروں کو سب رجسٹرار کے اختیارات دینے، پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی ایکٹ 2023 کے تحت ایجنسیوں کی تشکیل، اور محکمہ تعمیرات میں میئرمنٹ بک متعارف کرانے کی تجویز کو بھی منظوری دی۔ پنجاب آٹزم اسکول ایکٹ 2025 کا مسودہ پیش کیا گیا، جبکہ ریفلیکٹو نمبر پلیٹس کی فراہمی اور پنجاب میں الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن کا نیا نظام متعارف کرانے کی بھی منظوری دی گئی۔
اقتصادی و تعلیمی فیصلے
ضروری اشیاء کے کنٹرول ایکٹ 2024 میں ترامیم اور معدنیات کے شعبے کے لیے ریگولیٹری فریم ورک 2025 کو بھی منظوری ملی۔ پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں چیئرپرسنز و دیگر افسران کی تقرری اور پنجاب پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر سروسز بل 2025 کی ابتدائی منظوری بھی کابینہ اجلاس کے اہم فیصلوں میں شامل تھی۔