کراچی کے مختلف علاقوں میں دوبارہ زلزلہ، شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے نکل آئے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ملیر، لانڈھی اور قائدآباد سمیت کئی علاقوں میں زمین لرزنے کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے، جبکہ مساجد میں اذانیں بھی دی گئیں۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق کراچی میں یہ جھٹکے رات 1 بج کر 6 منٹ پر محسوس کیے گئے، جن کی شدت 3.2 ریکٹر اسکیل ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز گڈاپ ٹاؤن کے قریب جبکہ گہرائی 12 کلومیٹر زیر زمین تھی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اتوار کی شام 5 بج کر 33 منٹ پر بھی شہر میں 3.6 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کا مرکز قائدآباد کے قریب اور گہرائی 10 کلومیٹر بتائی گئی تھی۔

تاحال دونوں زلزلوں کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم شہریوں میں مسلسل زلزلے کے جھٹکوں کے باعث تشویش پائی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے