31 سالہ مریم نفیس اور 26 سالہ اعظم خان کے دل سے جڑے خاص تعلق کا انکشاف
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) کرکٹ کے میدان میں جہاں ہر طرف جوش و خروش، نعرے اور ہنگامہ خیزی چھائی رہتی ہے، وہیں پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ کے دوران ایسا دلچسپ لمحہ آیا جس نے شائقین اور میڈیا کو حیرت میں ڈال دیا۔ معروف اداکارہ مریم نفیس نے نہ صرف اپنی پسندیدہ ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کی بھرپور حمایت کی، بلکہ قومی کرکٹر اعظم خان سے جڑے اپنے منفرد رشتے کا بھی انکشاف کر دیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مریم نفیس اپنے ننھے بیٹے موسیٰ کو ساتھ لے کر گراؤنڈ میں موجود تھیں۔ میچ سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نے بتایا کہ ان کی اسلام آباد یونائیٹڈ سے محبت کا سبب درحقیقت اعظم خان ہیں۔ انہوں نے خوش دلی اور اپنائیت بھرے لہجے میں کہا،
"اعظم میرے لیے بیٹے کی طرح ہے۔ میں نے ایک بار اسے محبت سے کہا تھا کہ تم میرے بچے جیسے ہو، اور اس دن سے وہ مجھے ‘ماں’ کہہ کر ہی پکارتا ہے۔”
مریم نفیس کا کہنا تھا کہ یہ رشتہ محض الفاظ کا نہیں، بلکہ دل سے جڑا ہوا تعلق ہے جس پر وہ فخر محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ صرف میچ دیکھنے نہیں، بلکہ اعظم خان کی حوصلہ افزائی کے لیے خاص طور پر گراؤنڈ میں آئی تھیں۔ ان کے چہرے پر پُرخلوص مسکراہٹ اور آنکھوں میں خوشی کی چمک اس جذباتی وابستگی کا خوبصورت اظہار کر رہی تھی۔
جب میزبان نے مریم نفیس سے کرکٹ کے تکنیکی معاملات پر گفتگو کا ذکر کیا تو وہ ہنستے ہوئے بولیں :
"ہماری باتیں کرکٹ سے زیادہ ذاتی، خوشگوار اور ہنسی مذاق پر مبنی ہوتی ہیں۔ کھیل کے میدان میں بھی انسانی رشتوں کی گرمی ایک الگ خوشی دیتی ہے۔”
یہ سادہ مگر محبت بھرا رشتہ ایک یادگار لمحے کی صورت گراؤنڈ میں موجود ہر دل میں جگہ بنا گیا، جہاں کھیل سے جڑے انسانی جذبے اور رشتوں کی کہانیاں ہمیشہ اپنی الگ اہمیت رکھتی ہیں۔
یاد رہے کہ ان ماں بیٹے کی عمروں میں صرف 5 سال کا فرق ہے، اس وقت مریم نفیس کی عمر 31 سال جبکہ اعظم خان کی 26 سال ہے۔
