پی پی 52 سیالکوٹ: ضمنی انتخاب میں ن لیگ نے میدان مار لیا، حِنا ارشد فاتح قرار

سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی واضح برتری، حنا ارشد وڑائچ فاتح قرار

سیالکوٹ کے علاقے سمبڑیال میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پُرامن ماحول اور بعض مقامات پر ہلکی پھلکی کشیدگی کے ساتھ جاری رہا۔ دن بھر پولنگ اسٹیشنوں کے باہر سیاسی کارکنوں کی نعرے بازی اور معمولی جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں، جبکہ مخالفین کی جانب سے دھاندلی کے الزامات بھی سامنے آئے۔

تمام 185 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی امیدوار حنا ارشد وڑائچ نے 78 ہزار 419 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی۔ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار فاخر نشاط گھمن 40 ہزار 37 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

انتخابی نتائج کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حنا ارشد وڑائچ کا کہنا تھا کہ "عوام نے مجھے سیاست نہیں، خدمت کیلئے منتخب کیا ہے۔ آج میں جس مقام پر کھڑی ہوں، اس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بھرپور اعتماد اور رہنمائی شامل ہے۔ اگر اُن کا اعتماد نہ ہوتا تو میں یہاں نہ ہوتی۔”

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر حنا ارشد وڑائچ اور حلقے کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ "سمبڑیال کے عوام نے جس اعتماد کا مظاہرہ کیا، ہم اس پر پورا اتریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی یہ فتح عوام کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت ہے۔ عوام جان چکے ہیں کہ کون خدمت گزار ہے اور کون فتنہ و فساد پھیلانے والا۔ نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے اور عوامی فیصلے اس کا عملی ثبوت ہیں۔”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے