راناثنا اللہ کا ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ’قومی ہیرو‘ ماننے سے انکار

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی مشیر اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو قومی ہیرو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا کریڈٹ صرف اس رہنما کو جاتا ہے جس نے ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کیا۔

نجی نیوز چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا بطور سائنسدان جو کردار ہے، اس سے انکار نہیں، لیکن انہیں ہیرو قرار دینا درست نہیں۔ ان کے بقول، پاکستان کے ایٹمی پروگرام کا آغاز سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے کیا تھا اور ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ اُس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے کیا، جو اس وقت ملک کے چیف ایگزیکٹو تھے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دنیا میں کئی ممالک نے ایٹم بم بنا لیے، مگر ایٹمی دھماکے کرنا جرات، حوصلے اور سیاسی بصیرت کا تقاضا کرتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بعض حلقے محض حسد اور بغض میں یہ تاثر دیتے ہیں کہ نواز شریف دھماکے نہیں کرنا چاہتے تھے، حالانکہ اُس وقت یہی نواز شریف تھے جنہوں نے ملکی سلامتی کے لیے فیصلہ کن قدم اٹھایا۔

ملکی سیاسی منظرنامے پر بات کرتے ہوئے سینئر سیاستدان رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا مؤقف آج بھی واضح ہے۔ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی سوچ بالکل واضح اور متوازن ہے کہ سیاسی مسائل کا حل صرف سیاسی جماعتوں کے باہمی مذاکرات سے نکل سکتا ہے، اور وہ اس حوالے سے کسی رکاوٹ کے قائل نہیں بلکہ ایسے مذاکرات کا خیرمقدم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر واقعی سنجیدہ ہیں تو اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کی خواہش کرنے کے بجائے براہِ راست نواز شریف اور آصف علی زرداری سے رابطہ کریں اور مذاکرات کا پیغام دیں۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک طرف حکومت پر تمام تر مسائل کا الزام لگاتے ہیں اور دوسری طرف یہ کہتے ہیں کہ حکومت کے پاس اختیار نہیں۔ انہیں اب یہ حقیقت مان لینی چاہیے کہ حکومت ہی کے پاس آئینی و قانونی اختیار ہوتا ہے اور اگر بات کرنی ہے تو حکومت ہی سے کرنی ہوگی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کا سیاسی فلسفہ صرف اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی حاصل کرکے اقتدار میں آنا اور پھر پرانی روش دہرانا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ آج اپنی سیاست کی کامیابی سے بہت دور جا چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے