بھارتی فوج نے پہلی بار تصدیق کی کہ اس نے مئی میں پاکستان کیساتھ جھڑپوں میں متعدد لڑاکا طیارے کھوئے
ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی مسلح افواج نے پہلی بار مئی میں پاکستان کے ساتھ سرحدی کشیدگی کے دوران اپنے لڑاکا طیارے کھونے کی تصدیق کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے سنگاپور میں جاری شنگریلا ڈائیلاگ کے موقع پر بلومبرگ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارت کو اپنے کئی جنگی طیارے گنوانا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ "اصل سوال یہ نہیں کہ کتنے طیارے گرائے گئے، بلکہ اس کشیدگی کے اسباب اور اثرات اہم ہیں۔”
اس سے قبل حکمران جماعت بی جے پی کے ایک سینئر رہنما بھی پانچ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے جانے کا اعتراف کرچکے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق بھارتی فوج کی یہ تسلیم شدہ معلومات اس خطے میں جاری فوجی کشیدگی کی سنگینی کا ثبوت ہیں۔
یاد رہے کہ مئی کے دوران لائن آف کنٹرول اور فضائی حدود میں غیر معمولی تناؤ کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان جھڑپوں اور فضائی مداخلت کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔