گوجرانوالہ: موضع اٹاوہ میں سوئی گیس سپلائی کی آڑ میں گلیوں، بازاروں کی تباہی

گلیوں، بازاروں میں جگہ جگہ کھڈے، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت مرمت میں مصروف
بازاروں،گلیوں اور نالیوں کی سرکاری سطح پر تعمیر و مرمت کی جائے: اہل دیہہ کا مطالبہ

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) گوجرانوالہ کے نواحی گاؤں اٹاوہ میں سوئی گیس سپلائی کی لائنوں کی تبدیلی کے نام پر پورے گاؤں کی گلیاں، بازار اور نالیاں جگہ جگہ سے اکھاڑ دی گئیں، جس کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔

اہل علاقہ کے مطابق گیس پائپ لائن کی کھدائی کے دوران گاؤں کی گلیوں اور بازاروں کے دونوں طرف کی نالیاں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئیں، جس سے پانی کی نکاسی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ گاؤں کے مغربی بازار کی حالت سب سے زیادہ ابتر ہے، جہاں سے روزانہ ہیوی لوڈڈ ٹرالیاں گزرتی ہیں۔ سڑک کی ٹوٹ پھوٹ اور نالیوں کے مسمار ہونے کے سبب ان ٹرالیوں کی آمد و رفت سے صورتحال مزید بگڑ رہی ہے۔ نالیاں ٹوٹنے سے مکانات کی بنیادیں بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔انتظامیہ کی عدم توجہی اور عدم دلچسپی پر اہل علاقہ سخت برہم ہیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مجبوری کے تحت وہ اپنی مدد آپ کے تحت سڑکوں اور نالیوں کی مرمت میں مصروف ہیں، لیکن یہ وقتی حل ہے۔ اہل علاقہ نے پنجاب حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گاؤں کی گلیوں، بازار اور نالیوں کی سرکاری سطح پر ازسرنو تعمیر کی جائے تاکہ لوگ سکھ کا سانس لے سکیں۔ بصورت دیگر صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے